جھنگ: تخت لاہور کے لئے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف میں جنگ شروع ہوگئی۔ دونوں جماعتوں کی جانب سے پنجاب میں حکومت سازی کے لئے آزاد ارکان سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نواز لیگ بھی اس سلسلے میں نگ پورے کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے جھنگ کے شہری حلقے پی پی 126 سے نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی مولانا معاویہ اعظم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مولانا احمد لدھیانوی بھی موجود تھے۔
رانا ثنا اللہ نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں حکومت بنانے کے لئے 18 ارکان کی ضرورت ہے اور آئندہ چند روز میں مطلوبہ ممبران کی حمایت حاصل کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرح روز ایک ایک دو دو کرکے ممبران نہیں لائیں گے۔ پی ٹی آئی کو جلدی ہے اس لئے ہم بھی کوشش کر رہے ہیں۔ جہانگیر ترین کے پاس پیسہ بھی ہے اور جہاز بھی ہے، ہمارے پاس نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی ہارس ٹریڈنگ کر رہی ہے۔ وفاق میں 10 کروڑ اور صوبے میں 5 کروڑ کی آواز لگائی گئی ہے۔
مولانا معاویہ اعظم طارق کا کہنا تھا کہ دونوں پارٹیوں سے باقاعدہ رابطہ ہوچکا ہے، ایک دو روز میں مشاورت سے فیصلہ کر لیں گے۔
دوسری جانب رانا ثناء اللہ نے چنیوٹ میں بھی آزاد نومنتخب اراکین سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ اس وقت 131 ارکان کے ساتھ تحریک انصاف پنجاب اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد 129 ہے۔