نواز شریف کی واپسی پر ریلیاں، لیگی رہنماؤں کی ضمانت منظور

اسلام آباد: نواز شریف اور مریم نواز کی لندن سے وطن واپسی کے موقع پر نکلے جانے ریلیوں کے خلاف درج مقدمہ میں نامزد ن لیگی رہنماؤں کی ضمانت منظور کرلی گئی۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز کی پاکستان آمد کے موقع پر ریلیاں نکالنے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سماعت ہوئی۔
عدالت نے سابق ایم این اے ملک افضل کھوکھر اور سیف الملوک کھوکھر سمیت 7ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔ ملزمان کو ایک، ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
ملزمان نے اپنی درخواست ضمانت میں کہا تھا کہ پولیس نے حقائق کے برعکس مقدمے میں نام درج کیا، پولیس سمیت تمام اداروں سے مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں۔ درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ انہوں نے جھوٹے مقدمے کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کرلیا ہے، قبل از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کی جائے۔