تحریک انصاف کا وفاق اور پنجاب میں اکثریت حاصل کرنے کا اعلان

لاہور: پنجاب میں حکومت سازی کی دوڑ میں تحریک انصاف نےمطلوبہ ارکان کی تعداد حاصل کرلی ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں اکثریت حاصل کرلی ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ موجودہ صورت حال میں قومی اسمبلی کا ایوان 328 سے 330 کا ہے جس میں سے 168 اراکین کی حمایت پی ٹی آئی کو مل گئی ہے جس میں خواتین اور اقلیتی اراکین بھی شامل ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبائی اسمبلی میں بھی ان کی پارٹی کو مطلوبہ نمبرز حاصل ہوگئے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا ہاؤس 371 کا ہے لیکن اس وقت کی صورت حاصل میں یہ اعوان 360 کے لگ بھگ رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہماری 180 نشستیں ہوگئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں حکومت ہم بنائیں گے، بلوچستان میں مخلوط حکومت بنائی جائے گی جبکہ خیبرپختونخوا میں ان کی پارٹی کے پاس دو تہائی اکثریت موجود ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق مسلم لیگ (ق) سے فارمولا طے پایا ہے، وہ پنجاب اور مرکز دونوں میں شراکت دار ہوگی تاہم وزیراعلیٰ پنجاب تحریک انصاف سے ہی ہوگا جس کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں اتحادیوں کو نمائندگی دی جائے گی جس کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جنہوں نے حمایت کی یقین دہانی کروادی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے پارٹی رہنما جہانگیر ترین جلد ملاقات کریں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بھی صوبے میں نمبر گیم پورا کرنے کے لئے آزاد ارکان سے رابطے جاری ہیں۔مسلم لیگ (ن) کا وفد پیپلز پارٹی سے بھی آج دوبارہ مذاکرات کرے گا جس کے دوران میثاق جمہوریت کے مطابق پنجاب حکومت کے لئے پیپلز پارٹی کی حمایت طلب کی جائے گی۔