لاہور: پنجاب میں حکومت سازی کے لئے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان توڑ جوڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں حکومت بنانے کے لئے چوہدری نثار سے رابطہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں حکومت سازی کے لئے اپنی پارٹی کے ناراض رہنما چوہدری نثار علی سے رابطہ کرلیا ہے اور انہوں نے لیگی رہنماؤں کو مثبت جواب دیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ کو مزید 4 آزاد اراکین پنجاب نے حکومت سازی کے لئے یقین دہانی کرادی ہے۔ جس کے بعد مسلم لیگ (ن) نے 13 ارکان کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا ہےکہ ہم پر امید ہیں اور (ن) لیگ ہی پنجاب میں حکومت بنائے گی۔ پنجاب میں ہمارے ممبران اسمبلی تعداد زیادہ ہے اس لئے حکومت بنانا ہمارا حق ہے۔