اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وفاق میں مستحکم حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکے ہیں۔ پنجاب میں نمبرز گیم میں (ن) لیگ سے آگے جاچکے ہیں، پنجاب میں بھی ہماری حکومت ہوگی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں کچھ عناصر کو کامیابی ہوئی لیکن آج سب اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کی تجویز کو مسترد کردیا کیونکہ دوہرا معیار نہیں ہوسکتا۔ جہاں نشستیں ملیں وہاں الیکشن درست باقی جگہ غلط ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ بلا جواز ہے۔ اسی کمیشن کی سربراہی میں تمام الیکشن ہوئے اور صوبوں میں اسی الیکشن کے نتیجے میں اپنی حکومتیں بنارہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ لوگوں نے نئے پاکستان کے تصور اور ویژن کو قبول کیا ہے۔ اب ہم آگے بڑھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ عمران خان کے پہلے خطاب کو مخالفین نے بھی تسلیم کیا اور قوم سے اپیل ہے کہ ہمارا ساتھ دیں۔ ہمیں جو بین الاقوامی کمیونٹی سےسپورٹ مل رہی ہے اس سے حوصلہ بلند ہوا ہے۔ الیکشن کےبعد اسٹاک مارکیٹ میں استحکام آیا ہےاور روپیہ اوپر آیا ہے۔ یہ سب مثبت اشارے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وفاق میں اتنی عددی اکثریت ہے جس میں مستحکم حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں ہم نے تاریخ پلٹ دی جہاں عوام نے نہ صرف موقع دیا بلکہ دو تہائی اکثریت دی۔ شاہ محمود نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں نمبرز گیم میں (ن) لیگ سے آگے جاچکے ہیں۔ (ق) لیگ کے ساتھ معاملات آگے بڑھ گئے ہیں چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی نے ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بہت سے آزاد امیدوار آگئے ہیں لہٰذا پنجاب میں بھی ہماری حکومت ہوگی۔