پشاور:خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کو دو تہائی اکثریت مل گئی لیکن اس کے باوجود وزیراعلیٰ کون بنے گا ؟ اس کا فیصلہ نہ ہوسکا۔ذرائع کے مطابق عاطف خان کا نام وزیراعلیٰ کے پی کے امیدواروں میں سرفہرست ہے تاہم اس حوالے سے جلد اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں کی اکثریت نے عاطف خان کے حق میں رائے دیدی ہے جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پرویز خٹک کو قومی اسمبلی کی نشست چھوڑنے سے روک دیا ہے اور اب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے نام کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر و ڈپٹی قومی اسمبلی سے متعلق بھی اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس کے تحت اسپیکر قومی اسمبلی سندھ سے اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب سے ہوگا، اسپیکر قومی اسمبلی کے لئے عارف علوی کا نام پہلی ترجیح پر آگیا ہے جب کہ ڈپٹی اسپیکر کا نام بھی جلد طے ہوجائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان عاطف خان کو گزشتہ دور میں بھی وزیراعلیٰ بنانا چاہتے تھے تاہم پی ٹی آئی کے اتحادی پرویز خٹک کو وزیراعلیٰ دیکھناچاہتے تھے۔