کراچی: منی لانڈرنگ کیس میں 28 جعلی اور بے نامی اکاؤنٹس میں سے اکثر کی تفصیلات وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو موصول ہوگئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تفصیلات کی بنا پر 5 سے 6 دنوں میں مزید تین سے چار مقدمات درج کیے جائیں گے، فی الحال تین سے چار نئے مقدمات درج کیے جائیں گے۔
منی لانڈنگ کیس میں نامزد کچھ ملزمان کے بارے میں ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ وہ سلطانی گواہ بن گئے ہیں۔
ایف آئی اے ذرائع کے دعوے کے مطابق مقدمات ان ہی ملزمان اور دفعات کے تحت درج ہوں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو دوبارہ نوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور دونوں کو آج ایف آئی اے کی جانب سے نوٹس جاری ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ انور مجید اور دیگر کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کے لیے کام جاری ہے اور مفرور ظاہر کرکے ریڈ وارنٹ کے نوٹس کا اجراء اور پھر انٹرپول سے رابطہ کیا جائے گا۔
اس سے پہلے درج مقدمے میں اب تک حسین لوائی اور طحٰہ رضا گرفتار ہیں جبکہ دیگر کے بارے میں ایف آئی اے ذرائع دعوی کرتے ہیں کہ مقدمے میں نامزد کچھ ملزمان سلطانی گواہ بننے کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔