کراچی :سابق کرکٹر جاوید میانداد نے 1992کے کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میں استعمال ہونے والی گیند نیلام کر کے اس کا پیسہ چیف جسٹس کے دیامر بھاشا و مہمند فنڈ میں جمع کرنے کا اعلان کر دیا ۔
سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ جب وہ پاکستانی ٹیم کے کوچ تھے تو کرائسٹ چرچ میں سابق کرکٹ ایمپائر برائن آلڈریج نے یہ گیند انہیں تحفے میں پیش کی تھی۔جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ وہ اس گیند کو عمران خان کے کراچی کینسراسپتال کیلئے نیلام کرنا چاہتے تھے لیکن ڈیم کا کام عمران خان کے اسپتال سے بھی بڑا ہے اس لئے انہوں نے گیند کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم ڈیم کیلئے عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے پاکستانی عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ڈیم کی تعمیر میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں تاکہ یہ اہم قومی فریضہ جلد تکمیل پذیر ہو سکے۔