اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے لئے بہترہوگا کہ پارلیمنٹ میں مشترکہ امیدوار لیکر آئیں ،آزاد امیدوار غیر فطری طور پر تحریک انصاف کی طرف جارہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے لئے اچھا ہوگا کہ پارلیمنٹ میں مشترکہ امیدوار لیکر آئیں ۔ پنجاب میں تحریک انصاف ہماری سماجی اقدار کوملیا میٹ کر رہی ہے ۔ یہ سارا کچھ پوری قوم دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں پچھلے الیکشن میں ہم حکومت بنا سکتے تھے لیکن ہم نے جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لئے ایسا نہیں کیا ۔ تحریک انصاف جس طرح آزاد امیدواروں کوشامل کررہی ہے اس سے جمہوریت مضبوط نہیں ہوگی ۔
مسلم لیگ ن پنجاب میں جیتنے والی جماعت تھی اس لئے آزاد امیدواروں کو فطری طورپر مسلم لیگ ن کی طرف آنا چاہئے تھا لیکن وہ غیر فطری انداز میں تحریک انصاف کی طرف جارہے ہیں ۔ اس میں پیسہ اورفون کالز دونوں شامل ہیں۔احسن اقبال نے کہاکہ نوازشریف کے ساتھ جو سلوک رکھا جارہا ہے وہ نامناسب ہے ۔ اگر ان کی صحت پر کوئی اثرات پڑے تو ہم اس پر احتجاج کریں گے اور اس کے ذمہ داران کو اس کے نتائج بھی بھگتنے پڑیں گے ۔