ڈالر کی گراوٹ کا سلسلہ جاری، قیمت فروخت 124 روپے 45 پیسے ہوگئی

انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان برقرار ہےاور آج بھی ڈالر 86 پیسے کمی پر بند ہوا۔
ٹریڈنگ کےآغاز پر امریکی ڈالر کی قیمت خرید 122 روپے 80 پیسے جب کہ قیمت فروخت 123 روپے تھی، تاہم دوپہر میں ڈالر کی قدر میں کچھ بہتری آئی اور اس کی قیمت فروخت 124 روپے 45 پیسے ہوگئی۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدرانٹر بینک میں 86 پیسے کم ہوئی اور ڈالر 124 روپے 18 پیسے پر بند ہوا۔
گزشتہ روز بھی انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں گراوٹ کا سلسلہ جاری رہا تھا اور مارکیٹ کے اختتام پر ڈالر کی قدر 125 روپے 4 پیسے تھی۔
گزشتہ روز ایک وقت پر ڈالر 5 روپے کی کمی کے بعد 122 روپے پر بھی ٹریڈ کرتا رہا تھا۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک بوستان کے مطابق پرامن ماحول میں منعقد ہونے والے انتخابات سے کرنسی مارکیٹ میں اعتماد کی فضا پیدا ہوئی ہے اور لوگوں نے محدود پیمانے پر کرنسی مارکیٹ کا رخ کیاہے۔
ملک بوستان نے بتایا کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی رسد کے مقابلے میں طلب انتہائی محدود ہوگئی جس سے امکان ہے کہ آئندہ دنوں میں ڈالر کی قدرمیں مزید کمی آئے گی۔