پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کا پنجاب میں مطلوبہ نشستیں حاصل کرنیکا دعویٰ

لاہور: پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) نے مطلوبہ نشستیں حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تحریک انصاف کا کہنا ہےکہ پنجاب سے 17 آزاد امیدواروں اور مسلم لیگ (ق) کی قیادت نے بھی عمران خان کو اپنی وفاداری کا یقین دلادیا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حمایت قومی مفاد اور ملکی حالات کا تقاضا ہے۔
جب کہ ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کی مدد سے وزیر اعلیٰ پنجاب پی ٹی آئی کا ہی ہوگا۔
دوسری جانب رانا ثنا اللہ نے بھی دعویٰ کیا ہےکہ (ن) لیگ نے ارکان کی مطلوبہ تعداد حاصل کرلی ہے مگر رازداری کے لیے آزاد امیدواروں کے نام فی الحال سامنے نہیں لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی پریس کانفرنس کریں گے جس میں آزاد اراکین (ن) لیگ کی حمایت کا اعلان کریں گے۔
واضح رہےکہ تحریک انصاف کی پنجاب میں 123 سیٹیں ہیں، 17آزاد اراکین کی حمایت کے بعد یہ تعداد 140 ہوجاتی ہے جب کہ مسلم لیگ (ق) کی پنجاب میں 8 اور بلوچستان عوامی پارٹی کی ایک سیٹ ہے جس کے بعد تحریک انصاف کو پنجاب میں 149 سیٹوں کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل ہوچکی ہے۔