لاہور: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو 4 اگست تک انتخابی اخراجات سے متعلق تفصیلات جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن اخراجات کی تفصیلات موصول ہونے پر جاری کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 4 اگست تک اخراجات کے گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کا نوٹیفکیشن روک لیا جائے گا جبکہ نوٹیفکیشن کے بعد آزاد امیدواروں کو 3 دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ بننا ہوگا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 7 اگست کو تمام سیاسی جماعتوں کے ممبران کی کل تعداد واضح ہوجائے گی اور 8 اگست کو مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 9 اگست تک تمام کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری ہوجائیں گے جس کے بعد اسمبلیوں کے اجلاس بلائے جائیں گے اور قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں اراکین حلف اٹھانے کے بعد اسپیکر اور پھر قائد ایوان کا چناو کریں گے۔