البرٹا:کینیڈا میں ایک عجیب واقع پیش آیا ہے جہاں ایک شہری انشورنس کی بھاری قسط سے بچنے کیلئے ایک انوکھا اور حیران کن حل نکالا۔ کینیڈین شہری نے کارانشورنس کی اقساط سے بچنے کیلئے قانونی دستاویز میں اپنی جنس ہی تبدیل کرالی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق البرٹا کے رہائشی ڈیوڈ نے محض ایک ہزار ڈالر کی رقم بچانے کیلئے قانونی طور پر اپنی تمام اسناد اور دیگر کاغذات میں اپنی جنس تبدیل کروالی۔
ڈیوڈ اب مرد کے بجائے ایک عورت کے طور پر پہچانے جائیں گے۔ڈیوڈ ایک نئی لگژری کار خریدنا چاہتے تھے تاہم کم عمر ہونے کے باعث انشورنس کی رقم زیادہ ادا کرنا پڑ رہی تھی جو کہ سالانہ ساڑھے چار ہزار ڈالر تک تھی اور جو بے روزگار نوجوان کے لیے ادا کرنا ناممکن نظر آرہا تھا۔
نوجوان ڈیوڈ نے اپنی تمام تعلیمی اور قانونی اسناد میں جنس تبدیل کروالی کیوں کہ کار انشورنس کمپنی خواتین کیلئےایک ہزار ڈالر تک ڈسکاؤنٹ دیتی تھی۔
نوجوان نے اپنے پیدائشی سرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس، تعلیمی اسناد اور دیگر دستاویز میں جنس کے خانے میں مرد کے بجائے خاتون درج کرادیا تاہم اس کام میں انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کیلئے انہیں تین سال کی کوفت کا سامنا رہا لیکن وہ کامیاب ہوگئے۔