اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لئے چیئرمین عمران خان کی رہائشگاہ پر اہم مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے اہم فیصلے متوقع ہیں جس کے لئے اب سے کچھ دیر بعد عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماوں کا اجلاس بنی گالہ میں ہوگا۔
اجلاس میں مرکزی قائدین کے ساتھ پارٹی کے صوبائی قائدین کو مدعو کیا گیا ہے جبکہ عمران خان نے اپنے وکیل بابر اعوان کو بھی فون کر کے فوری طور پر بنی گالہ طلب کیا ہے۔ جن سے حکومت سازی سے متعلق اہم معاملات پر مشاورت کریں گے۔
اجلاس میں شرکت کے لئے سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی عاطف خان، اور علیم خان کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
بنی گالہ میں آج ہونے والے اجلاس کے دوران وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے علاوہ خیبرپختونخوا میں اکثریت کے باوجود وزارت اعلیٰ کے معاملے پر ڈیڈ لاک اور پنجاب میں وزیراعلیٰ کے نام پر مشاورت ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے مبارکباد دینے کے لئے آنے والوں سے ملاقاتیں بھی منسوخ کردیں۔