اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف اوربلوچستان عوامی پارٹی میں بلوچستان میں حکومت بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں دونوں جماعتوں میں وفاق اوربلوچستان میں حکومت بنانے پراتفاق ہوا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما جام کمال خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی کیلئے بی اے پی وفاق میں کسی کے ساتھ چل سکتی ہے تو وہ پی ٹی آئی ہے، ان کے ساتھ ملکر وفاق اور بلوچستان میں ایک بہتر حکومت بنائیں گے جبکہ تحریک انصاف کے ساتھ سینیٹ الیکشن میں بھی تعاون رہا ہے۔
جام کمال کا کہنا تھا کہ ایک ٹیم کی صورت میں بلوچستان اور پاکستان کے عوام کیلئے کام کریں گے اورملکر بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے طریقہ کارنکالیں گے، ہم نے بغیر کسی شرط کے تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پرپی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ قوم کومبارک باد دیتا ہوں تمام معاملات طے کرلئے گئے ہیں، بلوچستان اور وفاق میں ٹیم ورک کے تحت کام کریں گے، جام کمال سے بہت مثبت بات چیت ہوئی، تمام نکات پرہمارا بلوچستان عوامی پارٹی کے ساتھ اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بی اے پی کا حق ہے کہ وزیراعلیٰ ان کی پارٹی کا ہو۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر ایسے ہیں جو بلوچستان میں عدم استحکام دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ہم نے بلوچستان میں بی اے پی کے ساتھ مل کر چلنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ نئی سوچ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اہم پیشرفت ہوگی۔