کراچی: گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس(جی ڈی اے)نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا۔
جی ڈی اے کے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتےہوئے پیر پگارا نے کہاکہ قوم کو شفاف الیکشن کا یقین دلایا گیا تھا لیکن2018کے الیکشن جیسی دھاندلی ملک کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئی، سربراہ جی ڈی اے نے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں دھاندلیوں کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے کیوں کہ الیکشن والے دن سے پہلے ہی دھاندلی ہونا شروع ہوچکی تھی۔
کچھ لوگوں نے کہا کہ الیکشن میں6 بجے کے بعد دھاندلی ہوئی ہے اور دھاندلی کی نشاندہی کے باوجود ایکشن نہیں لیا گیا۔پیر پگارا نے عمران خان کی حکومت میں رکاوٹ نہ بننے کا اعلان کرتےہوئے کہاکہ ہم عمران خان کی حکومت کو کمزور نہیں کریں گےچاہتےہیں کہ عمران خان کو عوام نے موقع دیا ہے تو وہ حکومت کریں اورجو باتیں کی ہیں وہ پوری کریں۔
پیر پگارا نے مزید کہاکہ اگر عمران خان نے جو باتیں کی ان میں سے 50 فیصد پربھی عمل ہوجائے تو ملک پٹڑی پر آجائے گا اب دیکھنا ہے کہ عمران خان لوٹا ہوا پیسہ کیسے واپس لاتے ہیں؟ کیوں کہ باہر موجود زیادہ تر روپیہ بیورو کریسی کا ہے۔