کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر سے گزشتہ روز بچی کی لاش برآمد ہوئی، جسے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے گلستان جوہر کے قریب بھٹائی آباد سے گزشتہ روز بچی کی لاش برآمد ہوئی۔ جسے پوسٹ مارٹم کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا تھا۔ پوسٹ مارٹم میں تصدیق ہوئی ہے کہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور بعد میں گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر منیر شیخ نے بتایا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچی کی لاش پر سگریٹ سے جلائے جانے کے نشانات بھی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ بچی کے ساتھ اس سے پہلے بھی زیادتی کی جاتی رہی ہے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق بچی کے والد نہیں ہیں اور وہ اپنی بہن کے ساتھ رہتی تھی۔ بچی کی لاش گھر سے ہی ملی، جسے اس کے بہنوئی نے اسپتال پہنچایا تھا۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق بچی کے بہنوئی اور چچا کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا گیا۔ فی الحال حتمی طور پر ملزم کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔