عدالت نے این اے 60 پر الیکشن کرانے کا حکم دیدیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو این اے 60 پر الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے این اے 60 پرانتخاب ملتوی کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے خلاف شیخ رشید کی درخواست پرسماعت کی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پہلے کہا تھا کہ الیکشن بروقت ہوں گے۔ لوگ کہتے ہیں میں شیخ رشید کے ساتھ ملا ہوا ہوں۔
شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو کیا اس پر میں اپنی درخواست واپس لیتا ہوں جبکہ عدالت نے این اے 60 میں انتخاب ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کو کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ مذکورہ نشست پر ضمنی انتخاب وقت پر ہونے چاہیں۔
بعدازاں شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے 60 پر میرا ایک مخالف امیدوار نااہل ہو گیا تھا جبکہ دیگر امیدواروں کی اکثریت میرے حق میں دستبردار ہو چکی تھی۔ این اے 60 پرجب بھی الیکشن ہوگا تو راشد شفیع ان کے امیدوارہوں گے۔ چیف جسٹس پاکستان، چیف الیکشن کمشنر اور آرمی چیف کی وجہ سے ملک میں شفاف الیکشن ہوئے، 14 اگست کوعمران خان حلف اٹھا چکے ہوں گے، انصاف اورجمہوریت کے لئے پوری قوم کوعمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ عمران خان کی جیت پاکستان کی جیت ہے۔