کراچی: چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کے نتائج میں تاخیر کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کا رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم خراب ہونے کے باعث نتائج میں تاخیر ہوئی اور پہلا سرکاری نتیجہ صبح 4 بجے جاری کیا گیا تھا۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے عام انتخابات کے نتائج میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی اسمبلی کمشنرز سمیت ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ الیکشن قوانین کے مطابق رات 2 بجے تک نتائج تیار کرنا تھے تاخیر کیوں ہوئی؟
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے عام انتخابات کے نتائج میں تاخیر پر چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر ممبران سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔