اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کراچی میں نئی مردم شماری اور حلقہ بندیاں کرانے کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی۔
چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کی درخواست پر ان چیمبر سماعت کی۔
چیف جسٹس نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے درخواست کو تعطیلات کے بعد سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں سب سے زیادہ آبادی کراچی میں بڑھی ہے۔ چیف جسٹس نے نئی حلقہ بندی اور مردم شماری سے متعلق ہماری درخواست منظور کرلی ہے۔ جس کی اب کھلی عدالت میں سماعت ہوگی۔