یاد رہے کہ ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کررہی ہے جن میں آصف زرداری اور فریال تالپوربھی شامل ہیں، اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں نجی بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو گرفتارکیا گیا تھا۔
ایف آئی اے نے الیکشن سے قبل سابق صدرآصف زرداری اورفریال تالپورکو تحقیقاتی افسر کے سامنے پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کیا تھا تاہم دونوں شخصیات کی قانونی ٹیم پیش ہوئی تھی جبکہ سپریم کورٹ نے اسی کیس میں ایف آئی اے کو ہدایت کی تھی کہ دونوں شخصیات کو الیکشن تک نہ بلایا جائے۔
ایف آئی اے نے آصف زرداری اوران کی ہمشیرہ فریال تالپورکو اس بار مشترکہ تحقیقاتی ٹیم جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے لئے نوٹس جاری کیا ہے۔
ایف آئی اے کے نوٹس میں آصف زرداری اورفریال تالپورکو 4 اگست کو ایف آئی اے ہیڈکوارٹراسلام آباد طلب کیا گیا ہے اورانھیں جے آئی ٹی میں بیان ریکارڈ کرانے کیلئے کہا گیا ہے۔