اسحاق ڈار کیخلاف ضمنی ریفرنس میں3 گواہوں کے بیانات قلمبند

احتساب عدالت نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ضمنی ریفرنس میں شریک ملزمان کے خلاف 3 گواہوں کے بیانات قلمبند کرلئے ہیں۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے استغاثہ کے گواہوں سعید ، اشتیاق احمد اورواصف حسین کے بیانات ریکارڈ کیے جبکہ ملزم سعید احمد کی ریفرنس سے بریت کی درخواست پر فیصلہ نہیں سنایا جا سکا۔

سعید احمد کے وکیل حشمت حبیب نے کہا کہ موجودہ گواہ ان سے متعلق نہیں ، اس لئے حاضری لگا کرجانے کی اجازت دی جائے جبکہ ہینڈ رائٹنگ ایکسپرٹ نسیم احمد ان سے متعلقہ گواہ ہیں اورگواہ کے بیان کے بعد بریت کی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ سنایا جائے۔

وکیل صفائی قاضی مصباح نے کہا کہ جن دستاویزات کو عدالت مارک کرتی ہے ان کو علیحدہ فائل میں رکھ دیا جاتا ہے، ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔

ادھرنیب پراسیکیوٹرکا کہنا تھا کہ 1986سے 1992 تک کی فراہم کی گئی دستاویزات فوٹو کاپی کی صورت میں ہیں جنہیں مارک کیا گیا جبکہ 1993سے 2016 تک دی گئی دستاویزات اصل ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت7 اگست تک ملتوی کردی۔