لاہور :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان 11 اگست کو بطور وزیراعظم حلف اٹھائیں گے اور اس تقریب میں شرکت کیلئے پی ٹی آئی نے دعوت نامے بھیجنے شروع کر دئیے ہیں۔اس حوالے سے بھارتی کرکٹرز اور اداکاروں کو بھی دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹرز بھی مدعو ہیں جس میں سنیل گواسکر، کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تقریب میں بالی ووڈ اداکار عامر خان کو بھی مدعو کیا گیا ہے جب کہ بھارتی کھلاڑیوں اور اداکار کو مدعو کرنے کا فیصلہ پارٹی نے کیا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تقریب حلف برداری میں دیگر عالمی شخصیات کو مدعو کرنے کا فیصلہ دفتر خارجہ کرے گا کہ عالمی شخصیات کو بلانے کا وقت ہے بھی یا نہیں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے بھارتی کھلاڑیوں اور اداکاروں کو بھی دعوت نامے بھجوانا شروع کر دئیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پی ٹی آئی نے سابق کھلاڑیوں سنیل گواسکر، کپل دیو اور نووجوت سنگھ سدھو کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے دعوت نامہ بھجوایا ہے جبکہ اداکار عامر خان کو بھی دعوت نامہ بھجوایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بھجوائے گئے دعوت ناموں میں ان لوگوں کو 11 اگست کو مدعو کیا گیا ہے تاہم بھارتی وزیراعظم کو ابھی بلانے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔