اسلام آباد:پاکستان کے متوقع وزیر خزانہ اسد عمر نے کہاہے کہ معاشی بحران کا سامنا ہے لیکن گھبرانے کی بات نہیں ملک کو معاشی بحران سے نکال لیا جائیگا
اداروں کو مضبوط کرنے سے گردشی قرضے نہیں بڑھیں گے ،اداروں سے سیاسی مداخلت ختم کردیں گے ،پاکستان کی قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔
اسد عمر نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کی معاشی صورتحال بہت خراب ہے اور اس کا ہم کو پہلے سے ہی پتہ تھا ۔ ہم نے یہ چیلنج قبول کیاہے تو اس سے نمٹیں گے بھی ۔
پاکستان کی قوم میں بہت جان ہے ۔ جب ہم آگے بڑھیں گے تو پتہ چلے گا کہ اس چیلنج سے نمٹا بھی جارہاہے اور پاکستان اپنے پیروں پر بھی کھڑا ہے ۔کوئی بھی آپشن بشمول آئی ایم ایف کے اس کو مسترد نہیں کیا جا سکتا ۔ پاکستان کی بہتری کے لئے ہر آپشن کی طرف جانا ہوگا ۔ معاشی طور پر تو پاکستان کڑوا گھونٹ پی سکتا ہے لیکن قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے جو آپشن بہترین ہوا اس کو اختیار کریں گے ۔