عامر لیاقت حسین کا ایک اور متنازع بیان سامنے آگیا

 

کراچی :پی ٹی آئی کے متنازع رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اکثر اپنے متنازعہ بیانات کے باعث خبروں کی زینت بنتے ہیں لیکن اس مرتبہ انہوں نے شیری رحمان کی تصویر پر ایسی شرمناک بات کہہ دی کہ پاکستانی آگ بگولہ ہو گئے۔

عامر لیاقت حسین نے آل پارٹیز کانفرنس سے لی گئی شیری رحمان اور ایک مذہبی رہنماکی تصویر شیئر کی جس میں دونوں دروازے سے گزر رہے ہیں اور شیری رحمان مولانا کو گزرنے کیلئے جگہ دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔ عامر لیاقت حسین نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ”ہم تم اے پی سی میں بند ہوں۔۔۔ اور چابی کھو جائے۔۔۔“

عامر لیاقت کی جانب سے تصویر شیئرکرنے پرسوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوگیااور صارفین نے انہیں خوب آڑے ہاتھوں لے لیا جس کے بعد انہوں نے ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی اور لکھا ”سب کے مشورے پر ڈیلیٹ کر دی مگر یاد رکھیں ایم ایم اے نے خان کو یہودی کہا ہے اور اس کا جواب بہرحال دینا ہو گا۔“

عامر لیاقت کی جانب سے ٹویٹ ڈیلیٹ کئے جانے اور اس ٹویٹ کا جواز پیش کئے جانے کے باوجود بھی سوشل میڈیا صارفین انہیں کسی طور پر معاف کرنے کو تیار نہ ہوئے اور اپنے دل کی خوب بھڑاس نکالی۔