پشاور: مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں نیب میں پیش ہوگئے۔
نیب کے مطابق امیر مقام پر اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں جائیدادیں جبکہ سوات، شانگلہ اور پشاور میں زرعی اراضی خریدنے کا الزام ہے۔
نیب حکام نے امیر مقام کو آج طلب کیا تھا جس پر وہ پشاور میں نیب کے دفتر پہنچے جہاں نیب حکام نے ان سے پوچھ گچھ کی۔
نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر امیر مقام نے کہا کہ نیب نے ایک فارم دیا ہے جس میں اثاثوں کی تفصیل بتانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے والے مستریوں نے کے پی کے میں دیواریں ٹیڑھی بنائی ہیں، کے پی کے میں پہاڑ گنجے ہیں لہٰذا نیب بلین ٹری منصوبے کا نوٹس لے۔ خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کیا گیا اس کی بھی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے۔