اسلام آباد: ملک کے متوقع وزیراعظم عمران خان نے وزارت عظمیٰ کے لئے تقریب حلف برداری سادگی سے کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ تقریب میں بیرونی شخصیت کو مدعو نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے حلف برداری کی تقریب نہایت سادگی سے کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب میں عمران خان کے چند دوستوں کو بیرون ملک سے مدعو کیا جائے گا اور دوستوں کے علاوہ کسی بیرونی شخصیت کو دعوت نہیں دی جائے گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ تقریب حلف برداری مکمل طور پر قومی تقریب ہوگی جس میں کسی قسم کے تعیش یا تکلف کا اظہار نہیں کیا جائے گا اور عمران خان ایوان صدر میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کے سامنے حلف اٹھانے کے خواہشمند ہیں جس کے لئے ڈی چوک یا پریڈ گراونڈ کا مقام زیرغور ہے۔