اسلام آباد: تحریک انصاف نے وفاق میں حکومت سازی کے لئے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) سے مدد طلب کرلی۔
اسلام آباد میں تحریک انصاف کے وفد نے اختر مینگل سے ملاقات کی اور وفاق میں حکومت سازی کے لئے مدد مانگی جبکہ عمران خان سے ملاقات کی دعوت دی گئی۔
اختر مینگل نے پی ٹی آئی وفد کو 6 نکاتی مطالبات دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے 6 نکاتی مطالبات وہی ہیں جو گزشتہ حکومتوں سے تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے سردار یار محمد رند اور نعیم الحق بھی موجود تھے۔
پی ٹی آئی وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اخترمینگل نے کہا کہ اتحاد میں شمولیت کی دعوت پر تحریک انصاف کے وفد کا مشکور ہوں، پی ٹی آئی سے مثبت جواب ملا ہے۔ ہم نے تحریک انصاف کے سامنے بلوچستان کے مسائل رکھے، لاپتا افراد کی بازیابی اور سی پیک پر عملدرآمد کا بھی مطالبہ کیا ہے لہٰذا ہمیں مثبت جواب ملا تو ساتھ دینے کو تیار ہیں۔
بلوچستان کی وزارت اعلیٰ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہ کسی کو وزیراعلیٰ نامزد کردیا جائے اور ہم آنکھیں بند کرکے حمایت کریں، جے یو آئی اتحادی ہے، حکومت یا اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ مل کر کریں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے مطالبات عمران خان کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عمران خان پہلے لیڈر ہوں گے جو بلوچستان کے مسائل حل کریں گے۔
یار محمد رند نے کہاکہ اختر مینگل کے مطالبات عمران خان کے سامنے رکھیں گے، یقین ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد اختر مینگل کی جماعت اور ہم ساتھ چلیں گے۔