اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شفاف ٹرائل کی تمام شرائط پوری کرنا ضروری ہیں۔ یہ معاملہ کسی بددیانتی کا نہیں، جانبداری اور غیر جانبداری کا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اپیلوں پر سماعت کی۔ اس موقع پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے دلائل دیئے۔
وکیل نواز شریف نے اپنے دلائل میں کہا کہ بہترین انصاف کے لئے شفاف ٹرائل کی تمام شرائط پوری کرنا ضروری ہیں۔ یہ معاملہ کسی بددیانتی کا نہیں، جانبداری اور غیر جانبداری کا ہے۔
خواجہ حارث نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ایک کیس کا فیصلہ دینے کے بعد انہیں دوسرے ریفرنس نہیں سننے چاہئیں۔ شاید وہ پوری ایمانداری سے ہی کیس سن رہے ہوں تاہم ہم صرف یہ چاہتے ہیں ٹرائل میں جانبداری کا کوئی تاثر بھی باقی نہ رہے۔
نواز شریف کے وکیل نے کہا کہ اعلی معیار کا انصاف فیئر ٹرائل کے تقاضے پورے کرنے سے ہی ممکن ہے ۔