عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جیل میں موجود لوگوں نے ہمت ہار دی ہے ،میں تو کہتا ہوں انہیں مزید سہولتیں دیں تاکہ این آر او نہ ہوسکے۔
شیخ رشید نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس نےالیکشن کے انعقاد کے لئے بھرپورکردارادا کیا، بدقسمتی ہے کہ ہارنے والا دھاندلی کی دہائی دیتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری منجھے ہوئے سیاستدان ہیں ، وہ اپنے پتے ترتیب دے رہے ہیں ، شہبازشریف کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ مریم صاحبہ ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ ایم کیو ایم عمران خان کو ووٹ دے گی ،عمران خان کو حلف اٹھا لینے دیں ، فارورڈ بلاک بن کر رہے گا۔ عمران خان مرکز ، پنجاب اورکے پی میں حکومت بنانے جا رہے ہیں ، ان کے پاس مرکز، پنجاب اورسینیٹ میں دو تہائی اکثریت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان غیرملکی سرمایہ کاری لا سکتے ہیں ، ملک معاشی بحران کا شکار ہے، عمران خان کو فری ہینڈ دیا جائے ، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ تمام اپوزیشن کا دل جیتیں ۔
ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ وزارت مانگنا میں اپنی توہین سمجھتا ہوں، مجھے سمندرکی لہریں گننے پربھی لگا دیا گیا تو قبول ہے ۔