تمام دستاویزات دےچکاہوں،سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کروں گا،علیم خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے کہاکہ بیرون ملک اثاثوں کی منی ٹریل اور اپنے چاروں فلیٹس کے دستاویزات دے چکاہوں، جبکہ میرا کیس سپریم کورٹ میں ہےاور اس کیس کا فیصلہ بھی سپریم کورٹ کو ہی کرنا ہے اورسپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گا، قبول کروں گا ۔
بنی گالا کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان کاکہناتھاکہ عمران خان کے ساتھ مل کرتبدیلی کی جنگ لڑرہا تھا، میرے پاس 11 سال سے کوئی سرکاری عہدہ نہیں تھا، جب میں حکومت میں ہی نہیں تو کرپشن کیسے کر سکتا ہوں،انہوں نے کہا کہ نیب میں تین بار پیش ہو چکا ہوں، تمام ثبوت فراہم کیے، نیب جب بھی بلائے گا، ضرور پیش ہوں گا۔
علیم خان نے مزیدکہا کہ کسی خاص شخصیت کو ٹارگٹ کرکے احتساب نہ کیا جائے، پاناما لیکس کمپنیوں میں میرا نام نہیں ہے، پاناما میں نام نہ ہونے کے باوجود انکوائری کیوں ہو رہی ہے، یہ نہیں جانتا۔