پشاور: قومی احتساب بیورو( نیب) پشاور نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کے کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان پر سرکاری ہیلی کاپٹر کے 74 گھنٹے استعمال کا الزام ہے جس میں انہیں نیب پشاور نے 7 اگست کو طلب کرلیا ہے۔ مذکورہ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک اور سول ایوی ایشن کے افسران کے بیانات پہلے ہی قلمبند کیے جاچکے ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کے کیس میں طلب کیا تھا تاہم انہوں نے پیش ہونے سے معذرت کرلی تھی۔
واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے 2 فروری کو عمران خان کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کے 2 ہیلی کاپٹرز کو غیرسرکاری دوروں کے لئے نہایت ارزاں نرخوں پر استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا۔