کراچی سے کامیاب پی ٹی آئی امیدوار کے اشتہاری ہونے کا انکشاف

کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 254 عزیزآباد سے تحریک انصاف کے کامیاب امیدوار محمد اسلم کا اسمگلنگ کیس میں اشتہاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے این اے 254 سے ہارنے والے ا میدوارشیخ صلاح الدین کی جانب سے ریٹرننگ افسر کو جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ این اے 254 سے پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار محمد اسلم خان اسمگنگ کے کیس میں مفرور ہے، 29 اکتوبر1997 کو کسٹم کورٹ نے اسلم خان کو اشتہاری قرار دیا تھا، اسلم خان نے انتخابی دستاویزات میں حقائق چھپائے اس لئے وہ صادق و امین نہیں رہے، الیکشن کمیشن اسلم خان کو نااہل قرار دے۔
شیخ صلاح الدین نے مقامی عدالت کی جانب سے اسلم خان کو اشتہاری قراردیئے جانے والا حکم نامہ بھی پیش کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں شیخ صلاح الدین کا کہنا تھا کہ محمد اسلم کو اشتہاری قرار دینے کا کسٹم کورٹ کا فیصلہ ریٹرننگ افسر کو جمع کرادیا ہے نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست الیکشن کمیشن کو بھی دے رہے ہیں۔