اسلام آباد:عمران خان سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی ملاقات ہوئی ہے جس میں بذریعہ منی لانڈرنگ برطانیہ بھیجی گئی دولت اور برطانوی امداد پربات چیت کی گئی ۔
برطانوی میڈیا کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نےکہاہےکہ وہ پاکستانی سیاستدانوں کی کرپشن کرکے برطانیہ میں چھپائی گئی دولت وطن لائیں گے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں منی لانڈرنگ سے متعلق تحقیقات یا دیگر کارروائی کے لیے اب تک درخواست نہیں دی۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق برطانوی حکام کا کہنا ہےکہ کرپشن سے لڑنا برطانوی حکومت کی اولین ترجیح ہےبرطانوی حکومت منی لانڈرنگ پر نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ کام جاری رکھے گی۔
دوسری جانب جاپانی سفیر نے بھی جمعہ کو بنی گالہ میں عمران خان کیساتھ اہم ملاقات کی اورانتخابات میں کامیابی پرجاپانی حکومت کی جانب سے مبارکباد دی
اس دوران جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان اسپتالوں ، تعلیمی اداروں کی تعمیر واصلاحات کے منصوبوں میں اشتراک کاخواہاں ہے،جاپان پینے کے صاف پانی کے منصوبوں میں اشتراک میں بھی دلچسپی رکھتا ہے اورتعلیم سے محروم 24 ملین بچوں کیلئے تعلیم کے انتظامات میں تعاون کیلیے تیار ہیں
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات میں مضبوطی ہمارا ہدف ہے، جاپانی پارلیمان کا وفد ستمبرمیں پاکستان کا دورہ کرے گا۔
اس موقع پرچیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ہم جاپان کیساتھ ماحولیات کے تحفظ، ایکوسولائزیشن کیلئے اشتراک میں دلچسپی رکھتے ہیں جبکہ غربت کے خاتمے کیلئے جاپان کے تجربات سے استفادہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ جاپان کیساتھ مضبوط ، متحرک سفارتی تعلقات کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، سفارتی سرگرمیوں کے ذریعے تجارت ،اشتراک کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔