وفاق میں حکومت میں بنانے کیلئے تحریک انصاف اورایم کیوایم میں ڈیل ہوگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیوایم پاکستان کے وفد نے بنی گالہ اسلام آباد میں جہانگیر ترین کی سربراہی میں تحریک انصاف کی قیادت سے ملاقات کی اوروفاقی حکومت کی تشکیل میں تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد پر رضامندی کا اعلان کیا۔
اس موقع پر رہنما پاکستان تحریک انصاف جہانگیر ترین نے کہا کہ ایم کیوایم سے معاملات طے پاگئے ہیں اورتعاون کے حوالے سے معاہدے پردستخط ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں کراچی کونظراندازکیا گیا اس پرتوجہ نہیں دی گئی، شہرمیں پانی ، سیوریج اورٹرانسپورٹ کے مسائل ہیں ، حیدرآباد میں بھی یونیورسٹی ہونا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے لئے خصوصی مالیاتی پیکیج دیا جائے گا ۔اس کے علاوہ بلدیاتی اختیارات کے حوالے سے ایم کیوایم کی سپریم کورٹ میں درخواست میں ان کا ساتھ دیں گے۔
اس موقع پرایم کیوایم پاکستان کے کنوینرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عمران خان کی دعوت پرآئے ہیں، ہمارے درمیان جو کچھ طے پایا ہے وہ آئینی تقاضے اورملک کی ضرورت ہے ، پی ٹی آئی کے ساتھ مل کرچلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کا جائزہ لیا جائے گا اوراس کومنطقی انجام تک پہنچایا جائے گا جبکہ آپریشن میں ہونے والی زیادتیوں کے ازالے پربھی بات ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ مردم شماری کے معاملے پر ایم کیوایم نے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی ہے، اس معاملے پر پی ٹی آئی نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، حلقہ بندیوں کے معاملے پر بھی پی ٹی آئی سے بات چیت کی ہے۔
اسپیکراورڈپٹی اسپیکر کے لئے اپوزیشن کو ووٹ دینے کے سوال پران کا کہنا تھا کہ ہمارا یہاں موجود ہونا بہت سارے سوالات کا جواب ہے لہٰذا اب افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کچھ چیزیں طے ہونا باقی ہیں، امید ہے وہ بھی خوش اسلوبی سے طے پاجائیں گی جبکہ وفاقی کابینہ کے حوالے سے بھی بات ہوئی ہے، جیسے ہی کسی نتیجے پر پہنچیں گے میڈیا کو آگاہ کریں گے۔
اس سے قبل خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے وفد نے عمران خان کے ساتھ بنی گالہ میں ملاقات کی۔
اطلاعات کے مطابق عمران خان سے ملاقات کیلئے آنے والے وفد میں خالد مقبول، عامر خان، کنور نوید جمیل اور فیصل سبزواری شامل تھے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل بھی وفد کے ہمراہ کراچی سے روانہ ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیوایم نے پی ٹی آئی سے کراچی میں اپنے دفاتر کو کھلوانے کی یقین دہانی، سندھ اسمبلی میں لیڈرآف اپوزیشن اور گرینڈ اپوزیشن الائنس بنان کے لئے تعاون کے ساتھ ساتھ کراچی پیکیج پرمن وعن عمل درآمد کی یقین دہانی مانگی ہے جس میں پانی، انفرا اسٹرکچر، صفائی اورٹرانسپورٹ سمیت دیگرعوامی مسائل کاحل شامل ہے۔
ایم کیوایم نے تحریک انصاف سے کراچی سے متعلق ہر قسم کے امور میں اعتماد میں لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔