اسلام آباد: وزارت داخلہ نے مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے دونوں صاحبزادوں کی گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ کی منظوری دے دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ نے حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف ریڈ وارنٹ کی منظوری دیتے ہوئے ایف آئی اے کودونوں بھائیوں کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس حوالے سے ایف آئی اے کو تحریری ہدایت نامہ بھیجا گیا ہے جو انہیں موصول ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے مسلم لیگ ن کے تاحیات قائداور سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے فوری طور پر گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا جب کہ چیئرمین نیب نے بھی دونوں کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرنے کی منظوری دی تھی۔