اسلام آباد: فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک ( فافن ) نے عام انتخابات میں مسترد ہونے والے ووٹوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے مطابق ملک بھر میں کل 16 لاکھ 70 ہزار ووٹ مسترد کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب سے 9 لاکھ 6 ہزار ووٹ جبکہ سندھ سے 4 لاکھ 8 ہزار ووٹ مسترد ہوئے، اسی طرح بلوچستان سے ایک لاکھ 8 ہزار اور خیبرپختون سے 2 لاکھ 48 ہزار ووٹ مسترد کیے گئے، اسلام آباد کے تین حلقوں سے مسترد ہونے والے ووٹوں کی تعداد 4 ہزار 9 سو 42 رہی۔
فافن کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلی کے 169 حلقوں میں جیتنے والا امیدوار انتہائی کم ووٹوں کی برتری سے جیتا ہے جبکہ ان حلقوں میں مسترد ہونے والے ووٹوں کی تعداد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف قومی اسمبلی کے 21 ایسے حلقوں سے کامیاب ہوئی جہاں مسترد ووٹ لیڈ سے زیادہ تھے جبکہ مسلم لیگ نون 11، پیپلزپارٹی 6، بلوچستان عوامی پارٹی 3 اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس 2 ایسے حلقوں میں کامیاب ہوا جہاں مسترد ووٹ کامیاب اور ناکام امیدوار کے فرق سے زیادہ تھے۔صوبائی اسمبلی کے 41 حلقوں سے تحریک انصاف جیتی جہاں مسترد ووٹ لیڈ سے زیادہ تھے۔