اسلام آباد: انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے لئے الیکشن کمیشن میں اخراجات کے گوشوارے جمع کروانے کا آج آخری روز ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے امیدواروں کی کامیابی کا سرکاری اعلامیہ جاری نہیں کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن کے بعد آزاد امیدواروں کو 3 دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ بننا ہوگا۔ 7 اگست کو تمام سیاسی جماعتوں کے ممبران کی کل تعداد واضح ہوجائے گی اور 8 اگست کو مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 9 اگست تک تمام کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری ہوجائیں گے جس کے بعد اسمبلیوں کے اجلاس بلائے جائیں گے اور قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں اراکین حلف اٹھانے کے بعد اسپیکر اور پھر وزیراعظم کا چناؤ کریں گے۔