ملک بھر میں آج یوم شہداء پولیس منایا جا رہا ہے۔ جس کا مقصد محکمہ پولیس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
قانونی کی بالادستی ہو یا امن و امان کا قیام، دہشت گردی کا خاتمہ ہو یا سماج دشمن عناصر سے مقابلہ، ہر محاذ پر پولیس کے بہادر جوان اپنی ذمہ داریوں سے احسن طور پر عہدہ برآء ہوتے ہوئے جام شہادت نوش کرتے آئے ہیں۔
شہدائے پولیس کی قربانیوں کی یاد میں نیشنل پولیس بیورو پاکستان کی جانب سے چار اگست کا دن یوم شہدائے پولیس کے طور پر منایا جاتا ہے۔
یوم شہدائے پولیس کے منانے کا مقصد قوم کے ان بہادر سپوتوں کی شجاعت کو سلام پیش کرنا اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ محکمہ پولیس کے شہداء کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
چاروں صوبوں کی پولیس اور سپیشل فورسز کی جانب سے صوبائی، ریجنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں سیمینارز کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں پولیس افسران، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ایف آر پی، ایلیٹ پولیس، ٹرنینگ اسٹاف اور ٹریفک پولیس سمیت ہر یونٹ کے افسران اور جوان، شہدائے پولیس کے لواحقین و اہلخانہ شرکت کرتے ہیں۔
یوم شہدائے پولیس پر اس عزم کا اظہار کیا جاتا ہے کہ یہ صرف پولیس فورس کے نہیں بلکہ پوری قوم کے شہدا ء ہیں اور ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو بھولے نہیں اور نہ ہی کبھی بھولیں گے۔
یوم شہدائے پولیس درحقیقت پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے اور اشتراک عمل کو بڑھانے کا ایک سنہری موقع ہے جس سے بھرپور استفادہ وقت کی ضرورت ہے۔