لاہور میں طویل لوڈشیڈنگ سے پانی نایاب، شہریوں کا احتجاج

لاہور: پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا رہنا محال کردیا ہے جبکہ بجلی بندش کے باعث پانی بھی نایاب ہوگیا جس کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں چوتھے روز بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور 6 سے 8 گھنٹے تک بجلی کی بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔
لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن، رحمان پورہ، مسلم ٹاؤن رات 2 بجے سے بجلی سے محروم ہیں جبکہ پانی بھی نایاب ہوگیا ہے۔ جس کے بعد شہری پانی کی قلت کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ پیکو روڈ پر مظاہرین نے ٹائر جلائے اور رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک بند کردی۔
دوسری جانب لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار میگاواٹ تک جا پہنچا ہے۔ مجموعی طلب 21 ہزار میگاواٹ جبکہ پیداوار 18 ہزار میگاواٹ ہے۔ لہٰذا ان علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کیا گیا ہے جہاں بجلی چوری ہوتی ہے اور اب وہاں 4 سے 6 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج کم ہونے سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔