ہم پی آئی اے اور اسٹیل ملز کی نجکاری نہیں کرینگے، اسد عمر

واشنگٹن: پاکستان کے متوقع وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ہم پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کی کوشش نہیں کریں گے۔
امریکی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ ہمارے بیرونی قرضوں کی صورتحال سنجیدہ ہے لیکن ہمیں چینی قرضوں کا مسئلہ نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ 6 ہفتوں میں معیشت کی بہتری کے لئے 10 سے 12 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے۔ تاہم کوشش ہوگی کہ انتظام اس سے کچھ زیادہ ہو تاکہ خدشات کم رہیں۔ رقم کے انتظام کے لئے اقدامات حکومت سازی کے بعد کریں گے۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ رقم حاصل کرنے کے لئے عالمی مارکیٹ میں بانڈز فروخت کئے جاسکتے ہیں۔ دوست ملکوں سے تعاون لیا جاسکتا ہے اور آئی ایم ایف پروگرام میں بھی جا سکتے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ ہم پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کی کوشش نہیں کریں گے۔ نئی انتظامیہ کے 100 دن کے اندر ریاست کے ماتحت چلنے والی کمپنیوں کو ایک ویلتھ فنڈ میں منتقل کردیا جائے گا تاکہ سیاسی مداخلت کو ختم کیا جاسکے
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ کمپنیوں کا کنٹرول حکومت بھی سنبھال لے گی، خصوصاً قومی ایئرلائن کو، جس کا خسارہ 367 ارب روپے ہے تاکہ فضائی کمپنی کو نئے سرے سے کھڑا کیا جاسکے۔