اسلام آباد: معروف قانون دان اکرم شیخ نے مشرف سنگین غداری کیس میں استغاثہ کی ٹیم کی سربراہی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پرویز مشرف غداری کیس میں پراسیکیوٹر اکرم شیخ کا استعفیٰ وزارت داخلہ کو موصول ہوگیا ہے۔ انہوں نے ذاتی وجوہات کی وجہ سے کیس سے علیحدگی اختیار کی ہے۔
وزارت داخلہ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو پراسیکیوٹر کے استعفیٰ سے آگاہ کردیا ہے۔ نئی حکومت نئے پراسیکیوٹر کا تقرر کرے گی۔ اکرم شیخ کو ن لیگ کی حکومت نے کیس میں استغاثہ کی ٹیم کا سربراہ مقرر کیا تھا۔
یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت 20 اگست کو ہوگی۔ آئین کے تحت عدالت عالیہ کی سربراہی میں قائم بینچ پر مشتمل خصوصی عدالت کیس کی سماعت کرے گی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد یاور علی کی سربراہی میں قائم بینچ میں بلوچستان ہائی کورٹ کی سینئر ترین جج جسٹس طاہرہ صفدر اور سندھ ہائی کورٹ جسٹس نذر اکبر بھی شامل ہیں۔