اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت سازی کے بعد پہلے مرحلے میں 15 سے 20 وزراء پر مشتمل کابینہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس بنی گالہ میں ہوا جس میں شاہ محمود قریشی اورجہانگیرترین سمیت پی ٹی آئی کے کئی رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس میں وفاق اورصوبوں میں حکومت سازی کے امورپرغورکیا گیا جبکہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ حکومت سازی کے فارمولے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے حکومت سازی کے لیے اہم فیصلے کرلئے ہیں جس کے تحت پی ٹی آئی حکومت کی وفاقی کابینہ مختصررکھی جائے گی۔
عمران خان پہلے مرحلے میں 15 سے 20 وزراء کی کابینہ بنائیں گے جبکہ ابتداء میں وفاقی وزراء زیادہ اوروزرائے مملکت کی تعداد کم ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کی نمائندگی ہوگی اورزیادہ تعداد ارکان قومی اسمبلی کی ہوگی جبکہ اتحادیوں کو بھی اہم وزارتیں ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی اولین ترجیح سادگی اورکفایت شعاری اپنانا ہوگی اوروزراء کی کارکردگی عمران خان خود مانیٹر کریں گے۔