اسلام آباد: پیپلزپارٹی نے سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو اسپیکر قومی اسمبلی کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔
گزشتہ روز ہم خیال جماعتوں کے گرینڈ الائنس کی اے پی سی میں اسمبلی میں حلف اٹھانے اوروزیراعظم سمیت اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ہم خیال جماعتوں نے وزیراعظم کا امیدواراکثریت کے باعث مسلم لیگ (ن) سے لانے کا فیصلہ کیا تھا۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مطابق پیپلزپارٹی نے خورشید شاہ کو اسپیکر قومی اسمبلی کا امیدوار نامزد کردیا ہے اور وہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے امیدوارہوں گے۔
ترجمان چیئرمین پی پی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکرکا عہدہ پیپلزپارٹی کو دیا تھا اوربلاول بھٹو زرداری نے مشاورت کے بعد خورشید شاہ کے نام کی منظوری دی ہے۔
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ سکھر سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اور وہ گزشتہ دور حکومت میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تھے۔