این اے 131 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کے احکامات جاری

لاہور ہائیکورٹ نے این اے 131 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کے احکامات جاری کر دیے۔
عام انتخابات 2018 میںقومی اسمبلی کے حلقے این اے 131 میں عمران خان نےلیگی رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو 680 ووٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد سعد رفیق نے عمران خان کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا اور دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی،جس کے بعد آر او سے مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں بھی عمران خان کی کامیابی برقرار رہی تھی تاہم ان کی کامیابی کا مارجن کم ہو کر 608 رہ گیا تھا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے آر او کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا تھا۔
الیکشن ٹریبونل نے آج خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر سماعت کی اور الیکشن کمیشن کو این اے 131 میں عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے۔