دیامر،تعلیم دشمن عناصر کیخلاف آپریشن،دہشتگرد ہلاک

چلاس: ضلع دیامیر کے علاقوں داریل اور تانگیر سمیت چلاس میں پولیس کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک، جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
دیامر میں چلاس کی تحصیل تانگیر میں فورسز کی جانب سے اسکولوں کو نذرآتش کرنے کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ اس دوران دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس سے ایک اہلکار شہید ہوگیا۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جب کہ دو کو گرفتار کرلیا گیا۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگرد کی شناخت شفیق کے نام سے ہوئی ہے، جو علاقے میں کمانڈر شفیق کے نام سے مشہور تھا۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے خودکش جیکٹ، دستی بم اور بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
پولیس کے مطابق ضلع دیامیر کے علاقوں چلاس، داریل اور تانگیر میں آپریشن جاری ہے، اس دوران علاقوں کی مکمل ناکہ بندی ہے، داخلی اور خارجی راستوں کو بند کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یکم اگست بدھ کے روز گلگت بلتستان کے ضلع دیامیر میں تخریب کاروں نے12 گرلز اسکولوں کو نذر آتش کیا تھا، جس کا چیف جسٹس پاکستان نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی گلگت بلتستان ثناءاللہ عباسی سے رپورٹ طلب کی تھی۔ جب کہ نگراں وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بھی شدید مذمت کی تھی۔