پی ٹی آئی نے عمران خان کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کردیا

لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔

عام انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے والی جماعت تحریک انصاف کا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا عمران خان وزیراعظم ہوں گے۔ تمام اراکین نے عمران خان کو متفقہ طور پر نامزد کیا۔

اجلاس سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہ عوام نے ہمیں جس منشورپرووٹ دیا ہے اسے آگے لیکرچلنا ہے، اب ہمیں اپنے مقاصد سے نہیں ہٹنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پارٹی کے ابتدائی کارکنوں کی خدمات قابل تحسین ہیں، آپ لوگوں نے پارٹی کے لیے بڑی محنت کی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میرا مقصد وزیراعظم یا ایم این اے بننا نہیں بلکہ قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرنا ہیں، ملک معاشی طورپربحران کا شکارہے اسے بحران سے نکالنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرضوں کی ادائیگی کے لیے بیرون ملک پاکستانیوں سے رجوع کرینگے۔

عمران خان نے کہا کہ آج میرے لیے پروٹوکول لگا دیا گیا، ایسے ملک نہیں چلے گا، اگر تبدیلی نہ لاسکے تو حشرایم ایم اے اوراے این پی سے بھی برا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست عبادت سمجھ کر کریں، پرانی سیاست ختم کرنا ہوگی۔