چین میں پھنسے پاکستانی بلآخر وطن واپس پہنچ گئے

لاہور: چین میں پھنسے 214 پاکستانی 9 روز بعد شاہین ایئرلائن کی پرواز سے وطن واپس پہنچ گئے۔

شاہین ایئرلائن کی پروازاین ایل 891 مسافروں کو لے کر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرپہنچی۔ وطن واپس آنے والے 214 مسافروں میں 27 بچے اور2 شیرخوار بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بعض شہری ایسے ہیں جو 29 جولائی سے وطن واپسی کی راہ تک رہے تھے اوراس کی وجہ شاہین ایئرکی پرواز منسوخ ہونے کے بعد متبادل پرواز کا کرایہ نہ ہونا تھا۔

سول ایوی ایشن سے اجازت نہ ملنے پر2 اور5 اگست کو بھی شاہین ایئر کی پروازیں منسوخ ہوئی تھیں۔

دوسری جانب کرایہ واپس ملنے پر جن مسافروں کے لیے مہنگے ٹکٹ خریدنا ممکن تھا وہ پہلے ہی وطن واپس آگئے تھے مگر240 کے قریب افراد بحالت مجبوری چین کے شہرگوانگ زو میں موجود تھے۔

 پرزے کی تبدیلی کے بعد سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر کی پروازاین ایل 892 کو اڑان بھرنے کی اجازت دی جو رات ڈھائی بجے کے قریب پاکستانیوں کو لانے کیلئے چین روانہ ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ مصیبت میں گرفتار ان پاکستانیوں کا معاملہ میڈیا میں آنے کے بعد چیف جسٹس میان ثاقب نثار نے اس کا نوٹس لیا تھا اورمسافروں کو پیرتک وطن واپس لانے کا حکم دیا تھا۔