لاہور: چیئرمین نیب نے کہاکہ سپریم کورٹ کے بھجوائے گئے مقدمات مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں گے، مقدمات سے متعلق کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب لاہور کے دفتر کا دورہ کیا جہاں انہیں ڈی جی نیب نے میگا کرپشن کے مقدمات پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر نیب آفس میں خطاب کرتے ہوئے جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہاکہ نیب افسران و اہلکار چہرے کی بجائے کیس پر توجہ دیں، بدعنوانی ایک ناسورہے اس کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی ہوئی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائی جائے۔
چیئرمین نیب نےنیب کی کارکردگی سے متعلق بات کرتےہوئے کہاکہ نیب نے 9 ماہ میں تقریباً 2200ملین روپے بدعنوان عناصرسے برآمد کیے اور رقم متاثرین کو واپس کی گئی جب کہ 300 بدعنوان عناصر کو گرفتار کرکے ریفرنس بھی دائر کیے گئے۔