پاکستان تیل کےوسیع ذخائردریافت کرنےکےبہت قریب ہے،نگراں وزیرخارجہ

کراچی: نگراں وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں جلد ہی تیل کے بہت وسیع ذخائر دریافت ہونے کی امید ہے ۔
اطلاعات کےمطابق فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے عہدیدار تاجروں اور صنعتکاروں سے گفتگو میں نگراں وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون نے انکشاف کرتےہوئے کہاکہ پاکستان میں تیل کے وسیع ذخائر دریافت ہونے کے پاکستان دنیا میں تیل برآمد کرنے والے 10 بڑے ملکوں میں شامل ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر تیل کے یہ ذخائر ہماری توقعات کے مطابق وسیع ہوئے تو پاکستان تیل کی پیداوار میں کویت کو بھی پیچھے چھوڑ دے گااوربڑے ممالک کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آجائے گا۔
نگران وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون نے کہاکہ امریکی کمپنی (ایگزون موبل )پاک ایران سرحد کے نزدیک خاصی گہرائی تک کھدائی کرچکی اور قوی امید ہے کہ اس جگہ تیل کے بہت وسیع ذخائر موجود ہیں جو مقدار میں کویت کے ذخائر سے بھی بڑے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کویت کے پاس دنیا بھر میں تیل کے ذخائر کا 8.4 فیصد حصہ موجود ہے جس کا تخمینہ 101.50 ارب بیرل لگایا گیا ہے جبکہ مزید 50 کروڑ بیرل تیل سعودی عرب اور کویت کے درمیان واقع نیوٹرل زون میں بھی موجود ہے۔
عبداللہ حسین ہارون کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے ایگزون موبل سے جنریشن کمپلیکس تعمیر کرنے کا معاہدہ بھی کرلیا ہے جس پر 10 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی جبکہ اس کمپنی کو پورٹ قاسم پر ایل این جی برتھ تعمیر کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔